ہندوستان میں توہین رسالت پر اسلامی ملکوں کا ردعمل جاری
ہندوستان میں دو بی جے لیڈروں کی جانب سے آنحضرت (ص) کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی پر اسلامی ملکوں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے اور ان ممالک نے اس سلسلے میں حکومت ہندوستان سے سرکاری طور پر معذرت خواہی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندوستان میں دو بی جے رہنماؤں کی جانب سے آنحضرت (ص) کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی پر اسلامی ملکوں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے. اب تک پانچ عرب ملکوں نے باضابطہ طور پر احتجاج اور ہندوستان کے سفیروں یا اعلی سفارتکاروں کو وزارت خارجہ طلب کیا ہے۔ سب سے پہلے قطر کی وزارت خارجہ نے دوحہ میں ہندوستان کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا اور بی جے پی کے ان دونوں رہنماؤں کے بیان کی شدید مذمت کی اور حکومت ہندوستان سے باضابطہ طور پر احتجاج کیا۔ ایسا ہی اقدام عمان میں بھی عمل میں لایا گیا۔
ایران، پاکستان اور افغانستان نے بھی بی جے پی کے ان دونوں رہنماؤں کے بیان کی شدید مذمت کی اور ہندوستان کے سفیر کو ایران کی وزارت خارجہ طلب بھی کیا گیا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ بعض عرب ملکوں میں ہندوستانی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے بھی بی جے پی رہنماؤں کے بیانات کی شدید مذمت کی اور ہندوستانی سفیر سے احتجاج کیا۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان میں بی جے پی لیڈروں کے اہانت آمیز اقدامات نے مسلم ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو ایک نئی آزمائش سے دوچار کر دیا ہے۔