Jun ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • اندرونی خلفشار کے شکار صیہونی وزیر اعظم کا دورۂ امارات

صیہونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ گزشتہ چھے ماہ کے دوران دوسری بار متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پہنچے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ برس دسمبر کے مہینے میں پہلے صیہونی وزیر اعظم کی حیثیت سے عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

انڈیپنڈٹ اخبار کے مطابق ابوظبی ایئرپورٹ پر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کا استقبال یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللّٰہ بن زاید نے کیا۔

2020 میں دبی اور تل ابیب کے درمیان سفارتی تعلقات کے آغاز کے بعد سے صیہونی وزیر اعظم کا یہ دوسرا دورۂ عرب امارات ہے۔ بینیٹ نے اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں ابوظہبی کا دورہ کیا تھا۔ یہ دورہ کسی پیشگی اعلان کے بغیر اچانک پایا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ عرب امارات کے سابق صدر کے انتقال کے بعد صیہونی صدر اسحاق ہرتزوگ نے بھی تسلیت و تعزیت کے بہانے عرب امارات کا دورہ کر کے سابق ولیعہد اور موجودہ صدر محمد بن زائد آل نہیان سے ملاقات کی تھی۔

صیہونی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی رہنما نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں ’مختلف علاقائی مسائل‘ پر تبادلہ خیال ہوا۔

گزشتہ مہینے اسرائیل نے یو اے ای کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت فریقین کے مابین 95 فیصد سے زائد مصنوعات کی تجارت پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پچھلے برس اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تجارت حجم 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے یو اے ای خلیج فارس کا وہ پہلا ملک بن گیا جس نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کا آغاز کیا۔

صیہونی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کی حکومت اندرونی طور پر سخت سیاسی کشمکش کا شکار ہے اور انکی حکومت کے زوال پذیر ہونے کے آثار نمایاں ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیگس