فلسطینیوں نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب میزائلی تجربہ کیا
فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے غزہ کے ساحلوں کے قریب جدید ترین میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت ہمیں قتل کرکے ہمیں اپنے راستے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کرسکے گی
میڈیا رپورٹوں کے مطابق فلسطینی استقامتی تنظیموں نے اپنی دفاعی اور عسکری طاقت میں اضافے کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے غزہ کے ساحلوں کے قریب فوجی مشقیں انجام دیں جس کے دوران کئی جدید ترین میزائلوں کا تجربہ بھی کیا گیا۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل غزہ کے ساحلوں سے سمندر کی جانب فائر کئے گئے اور انہوں نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ۔
فوری طور پر فلسطینی تنظیموں کے میزائل تجربات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں اور نہ ہی ان تنظیموں کے نام بتائے گئے جہنوں نے یہ تجربات انجام دیئے ہیں۔
فلسطین کے استقامی محاذ نے اپنی دفاعی اور حربی توانائیوں میں اضافے کی غرض سے پچھلے چندماہ کے دوران غزہ میں متعدد مشقیں انجام دی ہیں جنہیں رکن الشدید کا نام دیا گیا ہے۔
یہ مشقیں ایسے وقت میں انجام پارہی ہیں جب اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں کہا جارہا ہے کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جنین شہر پر حملے کے منصوبہ کا کئی بار جائزہ لیا ہے۔
رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فوج کا خیال ہے کہ جنین کے خلاف کسی بھی قسم کا حملہ غزہ کے ساتھ وسیع جھڑپوں اور جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق صیہونی فوج نے استقامتی محاذ کے ساتھ جنگ چھڑجانے کے خوف سے جنین پر حملے کا منصوبہ موخر کردیا ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران صیہونی حکومت کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں اور غرب اردن میں متعدد مسلح کارروائیاں انجام پائی ہیں اور جنین شہر اس کا نقطہ آغاز رہا ہے۔
ان کارروائیوں کے بعد اسرائیل نے جنین پراپنے حملے تیز کردیئے ہیں تاہم فلسطین کے استقامتی گروہوں نے صیہونی حکومت کو اس کے نتائج کی بابت سخت خبر دار کیا تھا کہ اسرائیل کے کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اس دوران جہاد اسلامی فلسطین نے شہید کمانڈر محمود العموری کی برسی کے موقع پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمارے مجاہد ساتھی صیہونی دشمن کے مقابلے سے دستبردار نہیں ہوں گے اور پوری قوت کے ساتھ اس مقدس راستے پر گامزن رہیں گے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں کم سےکم ترانوے فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر قلقیلیہ ، نابلس اور الخلیل میں فلسطینیوں کے گھروں پر تازہ جارحیت کی جس کے دوران انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطین کی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں کم سے کم ترانوے فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں جبکہ متعدد فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی فوجی اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔