Jun ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • غزہ پر اسرائیل کے جنگی طیاروں کا حملہ

غاصب اسرائیلی حکومت نے صیہونی کالونی کی جانب دو راکٹ فائر کئے جانے کے بہانے غزہ کے مرکزی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

حالیہ مہینوں میں فلسطینی عوام پر صیہونی فوجیوں کے حملوں اور فائرنگ میں تیزی آگئی ہے اور ان حملوں کے نتیجے میں اب تک متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔ صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے گذشتہ روز شمالی غزہ پٹی کے بیت حانون علاقے پر بمباری کی تھی۔

صیہونی فوج نے آج سنیچر کی صبح غزہ سے عسقلان صیہونی کالونی پر دو راکٹ فائر کئے جانے کی خبر دی ہے ۔ عسقلان صیہونی کالونی کی جانب راکٹ فائر کئے جانے کے بعد صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے آج ایک بار پھر غزہ کے مرکزی علاقے کو نشانہ بنایا ، صیہونی فوج نے ان فلسطینیوں پر بھی فائرنگ کی جو جنوبی غزہ پٹی میں واقع خان یونس شہر کے مشرقی حصے میں حائل رکاوٹوں کے قریب جا رہے تھے۔

فلسطینی ذرائع نے شمال مغربی غزہ میں فلسطینی ماہی گیروں کی جانب صیہونی فوج کے جنگی گن بوٹوں کی فائرنگ کی بھی خبر دی ہے اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے اب تک مرکزی غزہ میں استقامتی محاذ کی چھاؤنی کی جانب سات سے زیادہ میزائل فائر کر چکے ہیں ۔

صیہونی حکومت کی فوج کا دعوی ہے کہ یہ حملہ غزہ پٹی سے مقبوضہ فلسطین کی جانب ایک راکٹ فائرکئے جانے کا جواب ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ سرایا القدس نے عسقلان پر راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ کارروائی تین فلسطینیوں کی شہادت کے جواب میں کی گئی ہے ۔

صیہونی فوجیوں نے جمعے کی صبح مشرقی جنین پر حملہ کر کے ایک فلسطینی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس میں تین فلسطینی سوار تھے ۔ اس واقعے میں گاڑی میں سوار تینوں فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

دوسری جانب تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی دشمن کا آج کا حملہ ، بیت المقدس ، غرب اردن اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر جارحیت کا تسلسل ہے اور اس کی تازہ ترین مثال جنین میں تین فلسطینیوں کی شہادت ہے۔

حازم قاسم نے کہا کہ اسلامی استقامت پورے فلسطین میں ملت فلسطین کی سپراور دشمن پر کاری وار کرنے کے لئے کھلی ہوئی تلوار ہوگی ۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم کے باوجود بیت المقدس کے غاصبوں کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد فلسطین کی آزادی اور خودمختاری کے حصول تک جاری رہے گی۔

ٹیگس