داعش کا اہم سرغنہ ساتھیوں سمیت ہلاک
والی الانبار کے لقب سے مشہور داعش کا اہم سرغنہ ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے کہا ہے کہ داعش کا ایک اہم سرغنہ ابو منصور اور اس کے دیگر 3 دہشتگرد ساتھیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
عراق کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے بیان میں آیا ہے کہ داعش کے دہشتگرد عناصر اور سرغنہ اس وہم و گمان میں تھے کہ صحرائے الانبار ان کیلئے پر امن جگہ ہے اور وہ عراقی عوام اور سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں کر کے اس علاقے میں چھپ جائیں گے، لیکن ہم نے اس علاقے کو ان کیلئے جہنم میں بدل دیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز بھی ایف 16 طیاروں نے عراق کے شمالی علاقے کرکوک میں داعش کے دہشگردوں کے اجتماع کے مرکز پر 3 راکٹ داغے جبکہ عراقی جوانوں نے بدھ کے روز بھی صوبہ دیالہ میں داعش کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔
عراق نے ایران کی مدد سے داعش کو باضابطہ طور پر شکست دی جس کے بعد اب ملک کا کوئی بھی علاقہ اس ٹولے کے اختیار میں نہیں رہا تاہم شکست خوردہ تکفیری جراثیم اب روپوش ہو گئے ہیں جو گاہے بگاہے عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرکے امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔