Jul ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • ترکی کے قبضے سے ملک کا آزاد ہونا ضروری ہے: شام

شام کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک بشاراسد کی سربراہی میں درپیش چیلنجوں اور ترکی ، امریکہ اور صیہونی حکومت کے قبضے سے اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کے لئے پرعزم ہے

شام کے وزیرخارجہ فیصل المقداد نے زور دے کر کہا ہے کہ دمشق کو سیاسی و سفارتی طور پر تنہا کرنے اور عرب ، علاقے نیز دنیا بھر کے ملکوں سے اس کے رابطے کے دروازے بند کرنے کے لئے شام کے دشمنوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں ۔
شام کے وزیرخارجہ نے اس ملک کو درپیش حالیہ چیلنجوں ، اس پر دہشتگردانہ جنگ مسلط اور اقتصادی پابندیاں عائد کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام بعض مغربی اور علاقے کے ممالک کی تنگ نظری اور بیہودہ تصورات کی بنیاد پر انجام پایا ہے اور اس کا مقصد یہ تھا کہ شام بھی دوسرے ممالک کی مانند دہشتگردی ، جارحیت ، حملوں اور سیاسی و اقتصادی پابندیوں کے دباؤ میں متزلزل و کمزور ہوجائے اور آخرکار گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے۔ 
شامی وزیرخارجہ فیصل المقداد نے زور دے کر کہا کہ شام کی سیاسی قیادت ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ شام کی سیاسی قیادت پورے ملک میں امن و استحکام بحال کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے اور شامی زمینوں کو ترکی، امریکہ اوراسرائیل یا دہشتگرد گروہوں کے قبضے سے آزاد کرانے اور اسرائیلی خطرات اور فلسطین میں عرب سرزمینوں ، مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں اور جنوبی لبنان پراس کے غاصبانہ قبضوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش جاری رکھے گی ۔

ٹیگس