بحیرہ احمر پر صیہونی قبضہ ہونے نہیں دیں گے: یمن
یمن کے وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ باب المندب ایک بین الاقوامی شاہراہ اور یمن کا حصہ ہے جسے ہرگز غاصب اسرائیلیوں کے قبضے میں جانے نہیں دیا جائے گا۔
المسیرہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یمن کے وزیر اعظم عبدالعزیز بن حبتور نے اعلان کیا کہ بحیرہ احمر کے بارے میں آخری فیصلہ یمن کے عوام باب المندب سے کریں گے ۔
عبدالعزیز بن حبتور نے بائیڈن کے علاقائی دورے کا ذکر کرتے ہوئے اسے واشنگٹن کی کمزوری کی علامت اور جدے میں امریکی صدر کے بیان کو سراسر منافقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کی جارحیت سب پر عیاں ہے ۔ اس سے قبل یمن میں انسانی امور کی انتظامی کمیٹی کے ترجمان طلعت الشرجبی نے المخا اور باب المندب پر اماراتی کرائے کے فوجیوں کے غیرقانونی تسلط پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابوظہبی کے حکم پر صوبہ تعز میں ایسی چھاؤنیاں قائم کی جا رہی ہیں جن کا استعمال امریکی، برطانوی اور صیہونی افواج کریں گی۔
یاد رہے کہ بحیرہ احمر اور باب المندب کی اسٹریٹیجک، اقتصادی اور جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر بہت سی علاقائی اور بین الاقوامی طاقتیں اس علاقے کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ باب المندب کا شمار دنیا کے اہم ترین آبی گزرگاہوں میں ہوتا ہے۔