طالبان اور احمد مسعود میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق
افغان طالبان اور احمد مسعود کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
طلوع نیوز کے مطابق یہ بات احمد مسعود کی جانب سے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں شریک وفد کے ایک رکن محمد علم ایزدیار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے ذریعے بتائی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ طالبان کے ساتھ ہونے والی تین گھنٹے کی ملاقات میں دیگر معاملات کے علاوہ ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر حملے نہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ ہم نے بات چیت کے دوران صوبہ پنجشیر کا مسئلہ حل کرنے پر زور دیا لیکن ہمارے مخالفین ملک کے آئندہ نظام حکومت کے بارے میں طالبان سے گفتگو کرنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے مذاکرات میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہو سکی۔
کہا جا رہا ہے کہ طالبان حکومت کے نمائندوں اور احمد مسعود کے حامی وفد کے درمیان پہلی ملاقات صوبہ پروان کے شہر چاریکار میں ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں حکومت طالبان کے نائب انٹیلی جینس چیف محمد محسن ہاشمی کی قیادت میں چھے رکنی طالبان وفد نے محمد الماس زاہد کی قیادت میں احمد مسعود کی بارہ رکنی نمائندہ ٹیم سے مذاکرات کیے۔