Jul ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • الحشد الشعبی کسی سیاسی تنظیم سے وابستہ نہیں، ملک کے اقتدار اعلیٰ کی محافظ ہے

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس فورس کی اولین ترجیح سماجی اور قومی سطح پر استحکام اور اقتدار اعلی کا تحفظ ہے۔

عراق کی عوامی رضا کارفورس الحشد الشعبی کے کمانڈر فالح الفیاض نے عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار کے تحفظ نیز قومی سطح پر افہام و تفہیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی رضا کار فورس ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سیاسی مذاکرات کی خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بیان عراقی پارلیمنٹ پر صدر گروہ کے کارکنوں کے حملے کے بعد دیا ہے جو محمد شیاع السودانی کو وزارت عظمی کے عہدے کے لئے نامزد کئے جانے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔
عراق کی عوامی رضا کارفورس الحشد الشعبی کے کمانڈر فالح الفیاض نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الحشد الشعبی نے اپنی تاسیس کے وقت سے ہی عراق کی حفاظت کے لئے ایک مضبوط عنصر کے طور پر کام کیا ہے اور یہ فورس عوام سے بہت ہی قریب اور عوام کے بطن سے ہی وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحشد الشعبی کی تاسیس انتہائی سخت اور دشوار حالات میں ہوئی تھی جب پورے ملک کے جوانوں نے رضا کارانہ طور پر وطن کے دفاع کے لئے اس فورس میں شمولیت اختیار کی اور اس نے ملک کو خانہ جنگی کی جانب بڑھنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ الحشد الشعبی ملکی امن و استحکام کی محافظ اور ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کی ضامن ہے اور ملک کی ہر طرح کی سیاسی محاذ آرائی میں وہ ایک نیوٹرل اور تیسرے فریق کے طور پر ملک اور عوام کی خدمت کرتی رہے گی اور عراق کے اقتدار اعلی پر کسی طرح کی آنچ نہیں آنے دے گی۔ 
الحشد الشعبی کے سربراہ نے عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کی باقیات کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ بعض غیر ملکی قوتیں عراق میں دہشت گردوں کی پشتپناہی کر رہی ہیں لیکن اس کے باوجود داعش کے خطرات کم ہوئے ہیں اور اب وہ ملک کی سلامتی اور سول و شہری امن و استحکام کے لئے خطرہ نہیں رہ گئے ہیں۔ 
فالح فیاض نے مزید کہا کہ الحشد الشعبی سیاسی معاملات میں دخیل نہیں ہوگی لیکن اہم مسائل اور معاملات میں اس کا اپنا خاص نظریہ اور نقطہ نگاہ ہے خاص طور پر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری جیسے معاملے کو پوری قوت کے ساتھ مسترد کرتی ہے اور اس کی شدید مخالف ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے سربراہ نے بدھ کو دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں ہوئے مظاہرے اور پارلیمنٹ پر یلغار کے بارے میں کہا کہ مظاہرہ کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن جو کچھ گرین زون میں ہوا اور جس طرح سے پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔ 
الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے کہا کہ جو چیز اس فورس کے لئے اہمیت رکھتی ہے وہ عوام کے درمیان امن و دوستی اور کسی بھی فریق کی جانب سے تشدد کا راستہ اختیار نہ کیا جانا ہے، البتہ آئین سب سے اوپر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے معاملات میں صدر گروہ کے سربراہ مقتدی صدر کے نظریات سے الحشد الشعبی متفق تھی اور یہ فورس پورے عراقی عوام کی نمائندہ فورس ہے-

واضح رہے کہ بدھ کی شام دسیوں افراد کے ایک ہجوم نے عراق کے نئے وزیر اعظم کے لئے نامزد کردہ امیدواروں کے ناموں کے خلاف بغداد کے التحریر اسکوائر پر اجتماع کیا اور اس کے بعد گرین زون کی جانب مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی عمارت پر بھی دھاوا بول دیا- اس واقعے کی عراق کی مختلف سیاسی جماعتوں نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے- 

ٹیگس