عراق، حسینی عزاداروں پر داعش کا حملہ ناکام
عراق کی عوامی رضاکار فورس، حشد الشعبی کے جوانوں نے بغداد میں امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر داعش کے ایک حملے کو ناکام بنادیا ہے
حشد الشعبی کے میڈیا شعبے کے اعلان کے مطابق، داعش دہشت گرد بغداد کے شمالی علاقے الطارمیہ میں گھس کرحضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کی خدمت کرنے والے موکبوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم عوامی رضاکار فورس کے خصوصی دستوں نے ان کی اس سازش کو ناکام بنادیا۔
حشد الشعبی کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ داعشی عناصر موکبوں پر حملہ کرکے اور اس کے بعد بغداد میں مظاہروں کو ہوا دیکر خانہ جنگی کروانا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ الطارمیہ علاقے میں داعشی عناصر نے اب تک متعدد بار دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیکر عام شہریوں اور سیکورٹی افواج کو خاک و خون میں غلطاں کیا ہے۔ ان عناصر کے مقابلے کے لئے حشد الشعبی کے جوان ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔