عراق میں الحشد الشعبی کے تحفظ پر تاکید؛ شیخ قیس الخزعلی
عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے سکریٹری جنرل شیخ قیس الخزعلی نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ حشد الشعبی کا وجود تمام عراقیوں کی خواہش اور مطالبہ ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: العہد چینل کے مطابق، الخزعلی نے کہا کہ حشد الشعبی کے انضمام کا مسئلہ سب سے پہلے برطانوی سفیر نے اٹھایا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم امریکی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ داعش اب بھی موجود ہے، لیکن جب وہ حشد الشعبی کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ داعش کمزور ہو چکی ہے اور حشدالشعبی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ الخزعلی نے کہا کہ حشدالشعبی کے وجود سے عراق کو اضافی طاقت ملی اور یہ فورس حقیقی اعتماد اور ملک میں اتحاد برقرار رکھنے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ہم اپنے وسائل، مذہبی اتھارٹی یا مرجعیت کے فتوے، مزاحمتی گروہوں، قوم کے فرزندوں کی کوششوں، اسلامی جمہوریہ ایران اور حزب اللہ لبنان کی حمایت سے حقیقی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ عصائب اہل الحق تحریک کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ داعش کے خلاف لڑائی میں ہم نے کم سے کم نقصانات اٹھانے کے ساتھ ہی، بڑی کامیابیاں اور فتوحات بھی حاصل کیں۔