Aug ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۱ Asia/Tehran
  • عراق کی موجودہ بحرانی صورتحال کے ذمہ دار امریکہ، برطانیہ اور امارات: الفتح الائنس

الفتح الائنس کے رہنما نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عراق کو خانہ جنگی اور انتہائی خطرناک صورتحال کی سمت بڑھنے سے روکنے کے لئے دینی مرجعیت کی مداخلت ضروری ہوچکی ہے۔

عراق کے سیاسی اتحاد الفتح کے رہنما محمد جاسم نے زور دے کر کہا ہے کہ عراق کی موجودہ بحرانی اور مشکل صورتحال امریکہ، برطانیہ اور امارات کی سازش کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شروع سے ہی واضح تھا امریکہ، برطانیہ اور امارات کی جانب سے کنٹرول ہونے والے انتخابات کے کیا نتائج نکلیں گے اور ہم نے ماضی میں کئی مرتبہ اس حوالے سے خبردار کیا تھا۔ 

الفتح الائنس کے رکن نے کہا کہ عراق کی حالیہ تمام صورتحال اسی داخلی، علاقائی اور عالمی سازش کا نتیجہ ہے کہ جس نے سیاسی گروہوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔

محمد جاسم نے مزید کہا کہ وہ مسئلہ جس نے عراق کے خلاف سازش کرنے والوں کو سب سے زیادہ پریشان کیا ہے وہ صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو جرم قرار دینے کا قانون ہے۔

موجودہ حالات میں عراق کو خانہ جنگی اور انتہائی خطرناک صورتحال کی سمت بڑھنے سے روکنے کے لئے دینی مرجعیت کی مداخلت ضروری ہو چکی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں عراق کی سیاسی صورتحال مقتدی صدر کے حامیوں کے پارلیمنٹ ہاوس میں داخل ہوجانے کے بعد کشیدہ ہو چکی ہے اور نئی حکومت کی تشکیل کے لئے ہونے والی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں اور اس بحران کے حل کے لئے کوئی امید افزا افق بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

ٹیگس