Aug ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
  • صیہونی جارحیت جاری، بچوں سمیت مزید 9 فلسطینی شہید

صیہونی جارحیت جاری ہے اور مزید 9 فلسطینیوں کے شہید ہونے کے ساتھ ہی شہداء کی تعداد 23 ہو گئی۔

فلسطین کی غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر جمعے کی شام سے صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے جاری ہیں جس کے دوران کم از کم تیئیس افراد شہید اور ایک سو چوبیس زخمی ہوئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی پر اپنے تازہ حملوں میں، غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ میں واقع عماد عقل مسجد کے قریب ایک میزائل داغا جس کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت نو فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مسجد عماد عقل کے اطراف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

فلسطین الیوم نیٹ ورک نے بھی اطلاع دی ہے کہ صیہونی لڑاکا طیاروں نے غزہ پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ علاقے پر ایک فلسطینی کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں چند بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید ہو گئے-

اب تک ایران، عراق، سعودی عرب، پاکستان ، ترکی، الجزائر، تیونس، اردن، قطر اور کویت کے ممالک نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کے حملوں کی مذمت میں بیانات جاری کیے ہیں۔ صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کی لہر مقبوضہ فلسطینی علاقوں تک بھی پھیل گئی ہے۔

اس دوران ہفتے کی شام، مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے مختلف شہر، طفل کش صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے خلاف لوگوں کے مظاہروں کی آماجگاہ بن گئے۔ فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے مظاہرین نے صیہونی حکومت کے خلاف اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔ فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں بچوں کو قتل کرنے والی صیہونی حکومت کے مظالم کی جانب، عالمی برادری کی توجہ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ٹیگس