Aug ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • یمن کو غارت کرنے والے ہمارے نشانے پر ہیں: مہدی المشاط

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے سعودی اتحاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے اخراجات جنگ کے اخراجات سے کہیں کم ہیں۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے جمعرات کی رات ایک بیان میں یمن کی مسلح افواج کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے نشانے پر وہ تمام عناصر ہیں جو یمن کو غارت کرنا چاہتے ہیں۔

مہدی المشاط نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دشمنوں کا اختتام یمن کی مسلح افواج کے ہاتھوں ہوگا، کہا کہ یمن کی مسلح افواج اپنے ملک اور وطن کا دفاع کررہی ہیں اور وہ صرف ان ہی کے لئے خطرہ ہیں جو یمن کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں اور یمنی قوم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

انھوں نے یمن میں امریکہ کے تباہ کن کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی منصوبہ یمنی سماج کو قومی رجحان سے دور کرنا ہے۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے امریکی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے تمام یمنیوں ‎سے اپیل کی کہ وہ ملک کی آزادی و یکجہتی کا ڈٹ کر دفاع کریں اور سب پر اپنا ارادہ ثابت کردیں۔

یاد رہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کا مکمل محاصرہ جاری رکھے جانے کے باوجود یمنی مسلح افواج کی دفاعی طاقت و توانائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہےاور یمن کی مسلح افواج کی فوجی طاقت بڑھتی جا رہی ہے۔ یمن کی مسلح افواج نے دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے ساتھ ساتھ سعودی اتحاد کی ہر جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا ہے ۔

دریں اثنا یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن پر جارحیت امریکہ اور برطانیہ کے کہنے پر ہو رہی ہے۔

المیادین کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی حکومت کے ترجمان محمد عبد السلام نے کہا ہے کہ یمن علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ایک اہم اسٹریٹیجک علاقہ ہے اور امریکہ یمن کی اس پوزیشن کے ذریعے اسرائیل، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

محمد عبدالسلام کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع دن سے ہی عالمی سطح پر یمن کے عوام کے خلاف امریکی منصوبوں اور سازشوں کے خطرے کا احساس کیا تھا۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر تبدیل ہونے والے موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے حکام اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ امریکی حمایت اب ان کے درد کی دوا نہیں ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اپنے دورہ روس کے موقع پر ماسکو میں روس کے نائب وزیر خارجہ میخائیل بوگدانوف سے یمن کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی تھی۔

ٹیگس