یمنی جزیروں پر متحدہ عرب امارات کے فوجی اڈے
متحدہ عرب امارات نے آبنائے باب المندب کے قریب واقع دو یمنی جزیروں میں اپنے فوجی اڈے قائم کر لیے ہیں۔
سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر کے مطابق جزیرہ زقر میں متحدہ عرب امارات کی قائم کردہ نئی فوجی تنصیبات واضح دکھائی دے رہی ہیں جن میں ہیلی پیڈ اور پیٹریاٹ میزائل نصب کیے جانے کی جگہ اور دیگر تنصیبات شامل ہیں۔
جزیرہ میون سے حاصلہ سیٹلائٹ تصاویر میں فوجی ایر بیس اور ہوائی جہازوں کے چند شیلٹر دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یمن کی بلحاف نامی گیس فیلڈ کے قریب بھی نئی فوجی تنصیبات قائم کی ہیں۔
یمن میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جنگ پسندی کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
متحدہ عرب امارات سن دوہزار پندرہ سے جاری جنگ میں سعودی عرب کا ساتھ دے رہا ہے اور اس نے ٹرانزیشن کونسل نامی مسلح گروہ کے ذریعے جنوبی یمن کےمتعدد صوبوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔