حشدالشعبی کی حمایت میں عراقی عوام کی ریلی
عراقی عوام نے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی حمایت میں دارالحکومت بغداد میں زبردست ریلی نکالی جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی
عراقی عوام نے اس ریلی میں جو انصاراللہ الحسین کے عنوان سے نکالی گئی ، الحشدالشعبی کے جوانوں اور دیگرسیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں اور جاں فشانیوں کی قدردانی کی۔
عراقی عوام نے اس ریلی میں حشدالشعبی کے شہداء کی تصویریں اٹھارکھی تھیں جو اس ملک کو آزاد کرانے کی مختلف کارروائیوں میں شہید ہوئے تھے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے القدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کی تصویریں بھی عراقی عوام کی اس ریلی کی زینت بنی ہوئی تھیں۔
سپاہ قدس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اورعراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر کو تین جنوری دوہزار بیس کو بغداد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دہشتگرد اور جارح امریکی فوج نے دہشت گردانہ فضائی حملے میں شہید کردیا تھا شہید جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پرعراق کے دورے پر تھے ۔
شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس مغربی ایشیا کے علاقے میں داعش سمیت مختلف تکفیری دہشتگرد گروہوں کے خلاف جنگ میں نمایاں شخصیت تھے۔
عراق کے الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ شہید سلیمانی ، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہے اورعراق کے لئے شہید ہوئے۔
دوہزارچودہ میں عراق کے بعض شہروں اور علاقوں پر داعش دہشتگرد گروہ کے قبضے کے بعد عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے فتوے کے نتیجےمیں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی تشکیل عمل میں آئی تھی اور دوہزار سولہ میں عراقی پارلیمنٹ نے اسے عراق کی مسلح افواج کی کمانڈ میں شامل کرلیا۔
اس درمیان عراقی سیکیورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ حشدالشعبی کے اکسٹھویں بریگیڈ نے شہرکرکوک کے جنوب مغرب میں داعش کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے اسے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
عراقی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں نے الحویجہ کے خبازہ دیہات پرحملہ کیا تھا تاہم اسے حشدالشعبی کی سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑا اور آخرکار داعشی دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔
حشدالشعبی نے اس حملے کے بعد شہر کرکوک کے جنوب مغربی علاقوں میں تعینات ہو کر اس علاقے کی سیکیورٹی کو مستحکم اور پائیدار بنا دیا ہے ۔