Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی کے موقع پر حشد الشعبی کا سیکیورٹی پلان شروع

عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کی بصرہ آپریشنز کمانڈ نے اربعین حسینی کے دوران خصوصی سیکورٹی پلان کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

عراق کی ارث نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بصرہ آپریشنز کے کمانڈر مہدی صالح عبد الواحد نے ایک پریس کانفرس میں بتایا کہ ہم نے زائرین کی حفاظت اور انہیں خدمات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بصرہ کے علاقے رٲس الشیبہ میں پرچم کشائی کے ذریعے اربعین مارچ کا خصوصی پلان اور آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جس میں ۲۰ ہزار اہلکاروں پر مشتمل الحشد الشعبی کی تین بریگیڈز اور عراقی سیکورٹی فورسز حصہ لے رہی ہیں۔

الحشد الشعبی کے بصرہ آپریشنز کے کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ اس پلان میں اربعین حسینی کے موقع پر آنے والے زائرین کے گزرنے کے چار اصلی راستوں اور شاہراہوں یعنی فاو، ام القصر، شلمچہ اور صفوان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان چار راستوں سے زائرین کی سب سے بڑی تعداد عراق میں داخل ہوتی ہے۔  

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اندازہ ہے کہ صرف شلمچے کے باڈر سے ۳۰ لاکھ سے زائد زائرین عراق میں داخل ہوں گے اور اسی لئے اس باڈر پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ٹیگس