پاکستان کے بعد اب طالبان کی سیلاب متاثرین کے لئے مدد کی اپیل
افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے دنیا کے مختلف ملکوں اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے جمعرات کو سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی جمع آوری سے متعلق ایک اجلاس میں عالمی برادری اور امدادی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
انھوں نے کہا کہ سیلاب سے افغان عوام کو خاصا جانی و مالی نقصان پہنچا ہے اور اس وقت سیلاب متاثرین کو مختلف ملکوں اور امدادی اداروں کی مدد کی اشد ضرورت ہے۔
افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ طالبان انتظامیہ تن تنہا اس بحرانی صورت حال سے نمٹنے پر قادر نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں اب تک دو سو افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ تین سو زخمی ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہزاروں رہائشی مکانات تباہ ہو گئے ہیں اور زرعی اراضی کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔