اسرائیلی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ سے 40 فلسطینی شہید و زخمی
-
فائل فوٹو
غرب اردن کے علاقوں نابلس اور الخلیل میں صیہونی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے جبکہ ایک نوجوان شہید ہو گیا۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے نابلس کے مشرقی علاقے بیت دجان پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 39 فلسطمینی زخمی ہو گئے۔
اسی طرح مشرقی قلقیلیہ کے دیہی علاقے کفر قدوم میں بھی صیہونی فوجیوں کے ساتھ فلسطینیوں کی جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ الخلیل میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔
مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی آئے دن فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے۔
فلسطینیوں کی گرفتاری بھی غاصب صیہونی فوجیوں کے روز کے معمولات میں شامل ہو چکی ہے۔ نتیجتاً صیہونی دہشتگردی سے تنگ آئے فلسطینیوں کی جانب سے بھی مزاحمتی کارروائیوں میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی ایک فلسطینی نوجوان نے ایک صیہونی افسر کو چاقو مار کر زخمی کر دیا تھا۔