عراق کا اعلان، اربعین ملین مارچ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہيں دی جائے گی
عراق کا کہنا ہے کہ ہم اربعین حسینی کی تقریب میں کسی کو بھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراقی وزیر داخلہ نے تاکید کی کہ بغداد اربعین حسینی (ع) کی تقریب میں خلل ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق عراق کے وزیر داخلہ عثمان الغانمی نے بغداد میں اربعین حسینی (ع) سے متعلق ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اربعین حسینی علیہ السلام کی زیارت میں خلل ڈالنے والے کسی بھی عناصر کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
عراقی حکومت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "واع" کے مطابق، الغانمی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی اربعین کی زیارت کی تیاری کے لیے، ہم نے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا تاکہ خدمت کے منصوبوں کو سیکورٹی کے ساتھ مربوط کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں عراقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ حفاظتی منصوبے امدادی خدمات کے بغیر کامیاب نہیں ہوں گے، جن میں بجلی، نقل و حمل، تیل اور بلدیات کی وزارتوں کی اجتماعی کوششیں شامل ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سیکورٹی اور سروس کی کوششوں سے متعلق اہم محوروں پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہم اس انتہائی وسیع تقریب پر کسی بھی طرح کے منفی اثرات مرتب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ یہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے اجتماع کے ساتھ سب سے بڑا واقعہ ہے۔