اربعین مارچ میں شریک کروڑوں زائرین کربلائے معلی پہنچ گئے
اربعین حسینی میں شرکت کے لئے جمعرات کی رات تک تین کروڑ سے زائد زائرین کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں۔
عراقی ذرائع کے مطابق مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحی رسول نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈیڑھ کروڑ عراقی شہری اور پچاس لاکھ سے زائدغیر ملکی زائرین جمعرات کی رات تک کربلائے معلی پہنچ چکے تھے اور ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دسیوں لاکھ زائرین اس وقت بھی ملین مارچ کی شکل میں مختلف شہروں سے کربلائے معلی کی جانب رواں دواں ہیں جو رات گئے یا سنیچر کی صبح تک شہر میں داخل ہوجائیں گے۔
عراقی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سال کربلائے معلی میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شریک ملکی اور غیر ملکی زائرین کی تعداد تین کروڑ سے زائد ہوگی ۔عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحی رسول کا کہنا تھا کہ زائر کی حفاظت کے لیے فوج کے خصوصی دستے تعینات ہیں اور کربلائے معلی اور اس کے نواحی علاقوں کی چوبیس گھنٹے فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی مسلح افواج زائرین کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے چہلم کے چند روز بعد تک نگرانی کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔
دوسری جانب کربلا کے ڈپٹی گورنر جاسم الفتلاوی نے کہا ہے کہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر، صوبائی سطح پر انتظامات دوگنا کر دیئے گئے ہیں ، تاکہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کا شایان شان انعقاد کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کربلائے معلی اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر پیدل سفر کرنے والے زائرین کے لیے تمام سہولتیں موجود ہیں اور کھانے پینے کی اشیا کی ترسیل گزشتہ برسوں کے مقابلے میں دوگنا کردی گئی ہے۔
کربلا ئے معلی کے ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ بارگاہ حسینی میں زائرین کے داخل ہونے اور باہر نکلنے کے لیے سڑکیں اور شاہراہیں مختص کردی گئی ہیں اور ضروری رہنمائی کے لیے رضاکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ان دنوں عراق کے مختلف شہروں سے کربلائے معلی کی جانب اربعین مارچ کا سلسلہ جاری ہے اور عاشقوں کے قافلے، سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم منانے کے لیے کربلائے معلی میں جمع ہورہے ہیں ۔ بارگاہ حسینی اور اس کے اطراف کی سڑکیں اور شاہراہیں، عزاداروں سےلبریز ہیں اور نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہورہی ہیں ۔
کورونا کی وجہ سے دوسال کی بندشوں اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ہونے والے پہلے اربعین میں شرکت کے لیے عزاداروں کا جوش ولولہ قابل دید ہے جن میں ہندوستان، پاکستان، ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے آنے والے دسیوں لاکھ زائرین بھی شامل ہیں۔
سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم کل بروز ہفتہ پوری دنیا میں منایا جائے گا۔