Sep ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • 21 ستمبر کا انقلاب جاری رہے گا: یمن کی سیاسی جماعیں

یمن کے سیاسی دھڑوں اور پارٹیوں نے اکیس ستمبر کے انقلاب کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر تمام اہداف کے حصول تک اس راستے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اکیس ستمبر کے انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے انصاراللہ عوامی تحریک، جنرل پیپلز کانگریس ( جی پی سی)، جنوبی حراک تحریک سمیت سعودی جارحیت کے مخالف سبھی دھڑوں کا مشترکہ اجلاس صنعا میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ انقلابی تحریک کو مکمل کامیابی اور اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس کے شرکا نے ایک بیان جاری کرکے یمنی عوام کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کے لئے تیار کرنے اور آگہی دینے کا بھی عہد کیا ۔ اس بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ یمن کی سرزمین کی مکمل آزادی تک استقامتی تحریک جاری رکھی جائے گی ۔ اس بیان میں یمن کے سیاسی گروہوں نے جارح ممالک کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ جنگ بندی کے موقع کا استعمال کرتے ہوئے یمن کی بندرگاہوں اور اس کے ہوائی اڈّوں کا محاصرہ ختم کریں اور ملک کی تعمیر نو کے لئے ہرجانہ دیتے ہوئے اپنی افواج کو یمن کی سرزمین سے نکال لیں ۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ جنگ بندی کا موقع پھر میسرنہ ہو۔

اجلاس میں شریک یمنی دھڑوں نے استقامتی محاذ میں اپنی شمولیت کا بھی اعادہ کیا ۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی ہر کوشش کو مسترد کردیا گیا ہے۔

یمن کی سیاسی پارٹیوں نے بعض عرب سازشی حکومتوں کے ذلیلانہ موقف اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی ان کی کوشش اور اشتیاق کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ اکیس ستمبر سن دو ہزار چودہ کو یمنی عوام ریاض کی جانب سے منصوب حاکموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور ملک گیر مظاہروں اور وسیع احتجاجی اجتماعات کے ذریعے سعودی حکام کی پٹھو حکومت کو اقتدار سے ہٹا دیا ۔

سعودی حکام نے بھی مفرور مستعفی صدر منصور ہادی کو پھر سے اقتدار میں لانے کی غرض سے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر یمن پر وسیع حملہ شروع کردیا تاہم انہیں یمنی عوام کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

سات سال پر مشتمل امریکی حمایت یافتہ حملوں میں سعودی جارح افواج نے دسیوں ہزار یمنی عوام کا قتل عام کیا پھر بھی اپنے ناپاک اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ آرامکو، ریاض اور متعدد دیگر اہم سعودی مراکز پر یمن کی فوج اور عوامی تحریک کی کامیاب کارروائیوں کے بعد، سعودی حکام جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوگئے لیکن اس کی مسلسل خلاف ورزیاں بھی کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس