یمن کی مسلح افواج کی جانب سے "شہید کمانڈر کے ساتھ وفاداری" مشقوں کا انعقاد
یمن کی مسلح افواج نے پیر کے روز شہید کمانڈر سے وفاداری کے عنوان سے فوجی مشقیں انجام دیں جن میں فوج کے تمام یونٹوں نے شرکت کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک فوجی ذریعے نے ان مشقوں کے بارے میں کہا ہے کہ ان مشقوں کا شمار یمن کی سب سے بڑی فوجی مشقوں میں ہوتا ہے کہ جو ایک سو کلومیٹر کے علاقے میں انجام دی گئیں ۔ اس فوجی ذریعے نے کہا کہ ان فوجی مشقوں میں حملوں کے لیے اسرائیل اور امریکہ کے فرضی فوجی ٹھکانے بنائے گئے۔
اس ذریعے کا کہنا تھا کہ ان فوجی مشقوں کے انعقاد کا مقصد دشمن کے ٹھکانوں پر حملوں اور جنگ کی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔
یمن کی مسلح افواج نے اکیس مارچ کو بھی فوجی مشقیں انجام دی تھیں جن میں مختلف قسم کے ہتھیار استعمال کیے گئے تھے۔
سعودی اتحاد کی جارحیت کے خلاف استقامت کو نو سال پورے ہونے کی مناسبت سے پیر کے روز منعقد ہونے والی ان مشقوں میں کوہستانی، صحرائی اور جنگلی علاقوں میں دشمن کے فرضی ٹھکانوں پر حملے کرنے کی مشق کی گئی۔