مسلمانوں کے اتحاد پر مقتدی صدر کی تاکید
عراق کے مذہبی اور سیاسی رہنما مقتدی صدر نے مسلمانوں میں لڑائی جھگڑے ، جنگ و تشدد اور احتلافات ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں صدر دھڑے کے رہنما مقتدی صدر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پہلے مرحلے میں مسلمانوں میں لڑائی جھگڑے ، فتنہ و فساد، جنگ و تشدد اور اختلافات ختم اور بعد کے مرحلے میں ادیان الہی کے درمیان اختلافات کا خاتمہ کئے جانے اور اسی طرح ان تمام عناصر سے دوری اختیار کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا جو دین کی آزادی اور عقیدے کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ انھوں نے قومی اور مسلکی اختلافات بھی ختم کئے جانے پر زور دیا اور کہا کہ مسلمانوں کی اکثریت رکھنے والے ممالک کو چاہئے کہ جنگ و اختلافات کا خاتمہ کرانے اور دینی عقائد کا احترام و تحفظ کئے جانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ مقتدی صدر کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ عراق میں گذشتہ سال کے انتخابات اور حکومت کی تشکیل میں ناکامی کے بعد ہم آہنگی کے دائرے میں وزیراعظم بنائے جانے کے لئے محمد شیاع السودانی کا نام پیش کیا گیا جس کی صدر دھڑے نے مخالفت کی جس کے بعد عراق، سیاسی تعطل کے ایک اور مرحلے میں داخل ہو گیا۔