Sep ۲۸, ۲۰۲۲ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کو جہاد اسلامی کی کھلی دھمکی، خون کا بدلہ لیا جائے گا

فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کا کہنا ہے کہ شہدائے جنین کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک نے مغربی کنارے میں واقع جنین کیمپ میں صیہونی فوجیوں کے جرائم اور چار فلسطینیوں کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے ترجمان "طارق سلمی" نے جنین کیمپ میں چار فلسطینیوں کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ بے گناہ شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم اور جارحیت کے خلاف عوام کی مزاحمت مضبوطی کے ساتھ جاری ہے۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی "شہاب" کی رپورٹ کے مطابق، سلمی نے کہا کہ صیہونی حکومت، فلسطینی قوم اور اس کی سرزمین کے خلاف جرائم اور دہشت گردی کا ارتکاب جاری رکھے ہوئے ہے اور کیمپوں اور جنین کیمپ میں ہمارے ہیروز اور نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی مزاحمت کبھی بھی ہتھیار ڈالنے کو قبول نہیں کرے گی اور غاصب حکومت کے جرائم کا مقابلہ کرتی رہے گی اور اپنی طے شدہ پالیسی اور ہتھیاروں پر کاربند رہے گی۔

انہوں نے مسجد اقصیٰ پر سابق اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون کے حملے کی برسی اور اس میں چار فلسطینیوں کی شہادت کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم ایک بار پھر اس بات پر زور دیتی ہے کہ تمام قربانیوں کے باوجود مزاحمت کا راستہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز صبح صیہونی فوجیوں نے جنین کیمپ اور تل ابیب میں صیہونی مخالف آپریشن انجام دینے والے شہید "رعد حازم" کے گھر پر حملہ کرکے ان کے بھائی سمیت چار فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔

ٹیگس