Sep ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • غرب اردن پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، 12 فلسطینی زخمی

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن پر حملہ کرکے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

القدس العربی کے مطابق، فلسطین کی ہلال احمر کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنے تازہ حملے میں غرب اردن کے جنوب میں واقع دورا شہر میں گھس کر بارہ فلسطینی شہریوں کو زخمی کردیا۔

ہلال احمر فلسطین کے بیان میں آیا ہے کہ  پانچ لوگوں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا جبکہ دو لوگوں کو پلاسٹک کی  گولیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ مزید پانچ فلسطینی شہری صیہونیوں کے آنسو گیس کے گولوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔  صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح کو برک سلیمان نامی علاقے پر بھی دھاوا بول دیا اور ایک فلسطینی شہری کے گھر کو اس بہانے مسمار کردیا کہ اس کے پاس تعمیرات کے قانونی دستاویزات نہیں تھے۔

بدھ کے روز بھی صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں واقع جنین کیمپ پر حملہ کیا اور شہید رعد حازم کے گھر کو محاصر ے میں لے لیا ۔ اس موقع پر فلسطینی مجاہدوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید مسلحانہ جھڑپیں ہوئیں ۔ ان جھڑپوں میں کئی فلسطینی  نوجوانوں کے شہید اور  کم از کم چوالیس فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔

ٹیگس