Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کی بندرگاہیں ہماری زد میں ہیں: یمن

یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ایئرپورٹ، بندرگاہیں اور پیٹرولیم کے شعبے میں مصروف کمپنیاں یمنی افواج کے نشانے پر ہیں۔

یمن میں جنگ بندی کی مدت ختم ہونے پر یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے پیر کے روز ایک بیان جاری کیا ہے کہ جس میں یمن کے محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس بیان میں جارح ممالک کو جلد از جلد ناکہ بندی ختم نہ کرنے کی جانب سے خبردار بھی گیا گیا ہے۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے اس بیان میں صاف الفاظ میں کہا گیا ہے کہ اگر جارحیت اور محاصرہ ختم نہ ہوا، تو یمن کی مسلح افواج کے ہاتھ بندھے نہیں ہیں ۔ 

بیان میں عالمی جہازرانی کی کمپنیوں کو بھی سعودی اتحاد میں شامل ممالک کی بندرگاہوں کی طرف جانے  سے گریز کرنے اور خطرے سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی مدت اتوار کی رات کو اپنے اختتام کو  پہنچ چکی ہے ۔  یمنی ذرائع کے مطابق، صنعا نے جنگ بندی کی شرطوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس میں توسیع  کی موافقت  سے انکار کردیا ہے۔ 

صنعا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود صنعا ایئرپورٹ اور یمن کی بندرگاہوں کی سرگرمیوں پر بدستور پابندی باقی ہے جسے مسترد کیا جاتا ہے۔

ادھر یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب ہانس گرانڈبرگ نے بھی اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی جاری رہنے پر اتفاق رائے حاصل نہیں ہوسکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے فریقین سے معاہدے کے حصول تک مذاکرات جاری رکھیں گے۔ ہانس گرونڈبرگ نے دعوی کیا کہ جنگ بندی کا جاری رہنا علاقے کے عوام کے لئے مفید ثابت ہوسکتا ہے ۔

دریں اثنا یمن کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے بھی خبردار کیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج ہر طرح کی صورتحال کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ کسی بھی اقدام کی ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوگی جو ان انتباہات کو نظر انداز کرنے کی کوشش کریں گے۔

جنرل یحیی سریع نے کہا کہ مسلح افواج کی تیاریاں مکمل ہیں اور صرف کمانڈروں کے حکم کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج عوام کے حقوق کے مکمل حصول تک، ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔

ٹیگس