عراق میں صدارتی امیدوار دو تہائی ووٹ حاصل کرنے میں ناکام
عراق میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔
بغداد سے ہمارے نمائندے کےمطابق جمعرات کو عراقی پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران موجودہ صدر برہم صالح اور عبدالطیف رشید کے درمیان مقابلہ ہوا۔
عراقی پارلیمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر برہم صالح کو ننانوے ووٹ پڑے جبکہ عبدالطیف رشید کو ایک ستاون ووٹ ملے تاہم کوئی بھی امیدوار دو تہائی ارکان کی حمایت حاصل نہیں کرسکا ۔ رائے شماری کے موقع پر عراقی پارلیمنٹ میں دو سو انہتر ارکان موجود تھے۔
دونوں امیدواروں کا تعلق کردستان پیٹریاٹک یونین سے ہے۔ عراقی آئین کے تحت ملک کا صدر کرد برادری سے منتخب کیا جانا ضروری ہے۔
پارلیمنٹ میں پولنگ کے وقت صحافیوں اور میڈیا کے نمائندوں کو ایوان میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ صدارتی انتخابات کے نتیجے کا اعلان پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ہنڈ آوٹ کے ذریعے کیا گیا۔
واضح رہے کہ عراق میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات گزشتہ دس اکتوبر کو ہوئے تھے، تاہم سیاسی جماعتوں کی باہمی چپقلش کی وجہ سے حکومت سازی کا عمل ہنوز تعطل کا شکار ہے۔