شام میں دہشت گردوں کے اڈے پر روسی فضائیہ کا حملہ، 100 دہشت گرد ہلاک
روسی وزارت دفاع نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روسی فضائیہ کی بمباری سے 100 دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق شام میں روسی مرکز برائے قومی مفاہمت کے وائس چیئرمین میجر جنرل اولیگ ایگوروف نے شام میں دہشت گردوں کے ایک تربیتی مرکز پر حملے کی خبر دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق روسی جنگی طیاروں کے حملے میں تقریبا 100 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ترکی کے زیر اثر شمالی شام کے علاقے عفرین اور اعزاز میں دہشت گردوں کے مابین لڑائی جاری ہے۔
روسی وزارت دفاع کے اس نمائندے نے مزید کہا کہ روسی فوج نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کی غرض سے شمالی شام کے علاقے قطمہ میں دہشت گردوں کے ایک تربیتی سنٹر پر حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، اسلحہ کا ڈپو، ہیڈ کوارٹر، گولہ بارود سے لدی 15 گاڑیاں اورمیزائل فائر کرنے کے پلیٹ فارم مکمل طور پر نابود ہوگئے۔
اس سے پہلے شامی ذرائع ابلاغ نے شامی فوج کے آپریشن میں شمالی درعا میں کئی داعشی سرغنوں کے مارے جانے کی خبر دی تھی۔
شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں ایوب فاضل جباوی عرف ابوجہاد نامی دہشت گرد بھی شامل ہے۔