Oct ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدوں کا غاصب صیہونی چیک پوسٹ پر حملہ، حملے کے بعد مجاہدین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے
    فلسطینی مجاہدوں کا غاصب صیہونی چیک پوسٹ پر حملہ، حملے کے بعد مجاہدین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں نے غرب اردن میں واقع شہر جنین میں صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ حملہ کیا ہے

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق جنین میں فلسطینی مجاہدین نے صیہونی فوج کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔
فلسطینی مجاہدین نے جنین میں صیہونی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملے میں دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا ہے اور  فائرنگ بھی کی ، حملے کے بعد فلسطینی  وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے 
غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں گزشتہ تین ماہ سے فلسطینی مجاہدین کی کارروائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں اور صیہونی فوج تمام تر کوششوں اور سیکیورٹی انتظامات کے باوجود فلسطینیوں کو حملے کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے 
صورتحال یہاں تک جا پہنچی ہے کہ صیہونی حلقوں اور تجزیہ کاروں نے اب اعتراض کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل صیہونی فوجیوں کو مقبوضہ جنوبی علاقوں اور غزہ میں فلسطینیوں کی مزاحمت کا سامنا تھا مگر اب غرب اردن کے علاقوں میں بھی فلسطینی جوانوں نے صیہونی جارحیت کے جواب میں مسلح ہو کر کاروائیاں شروع کر دی ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقے خاص طور سے نابلس اور جنین کے حالات بہت کشیدہ چلے آ رہے ہیں جہاں اب تک درجنوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
شہر بیت المقدس کی صورت حال بھی مسجد الاقصی پر غاصب صیہونیوں کے مسلسل جاری حملوں کی بنا پر سخت کشیدہ بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا غاصب صیہونی فوجی، صیہونی انتہا پسندوں کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے مسجد الاقصی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تعینات ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب العالم کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں صیہونی انتہا پسندوں نے صیہونی فوجیوں کی حمایت سے باب المغاربہ کی جانب سے مسجد الاقصی کے صحن پر حملہ کردیا اور اس کے صحن میں داخل ہو گئے۔
صیہونی انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی اور اپنی مذہبی رسومات انجام دیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بیلٹ قائم کردی ہے اور وہ فلسطینیوں کو بیت المقدس کے پرانے علاقے اور مسجد الاقصی میں داخل ہونے سے روک رہی ہے۔
اپنی اسی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے صیہونی فوجیوں نے پچاس سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اس اقدام کا مقصد دیوار براق کی طرف سے مسجد الاقصی پر صیہونی انتہا پسندوں کو حملے کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ 

ٹیگس