عمانی کمپنی کا صیہونیوں کی شرکت پر احتجاجا بحرینی نمائش میں شرکت سے انکار
ایک عمانی ہوائی کمپنی نے بحرین میں ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں شرکت سے اس وقت انکار کر دیا جب اسے پتہ چلا کہ اس نمائش میں غاصب صیہونی ریاست کی کمپنیاں بھی شرکت کر رہی ہیں
سحرنیوز/عالم اسلام:منامہ پوسٹ کے مطابق عمان کی کمپنی السلام نے اعلان کیا ہے کہ وہ بحرین میں ہونے والی ایوی ایشن نمائش میں صیہونی ریاست کے شمولیت پر احتجاج کرتے ہوئےشرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر رہی ہے۔ یہ نمائش 9 سے 11 نومبر تک بحرین میں منعقد ہوگی۔
عمانی ذرائع ابلاغ نے اس کمپنی کے بیان کو شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس کمپنی نے بحرین میں ہونے والی نمائش میں اپنے غیر فوجی استعمال کے مصنوعات، راڈار اور ساحلی دفاع کے سسٹم کی نمائش کا منصوبہ بنایا تھا۔
جب کہ دوسری طرف غاصب صیہونی میڈیا نے اس نمائش میں صیہونی ریاست کی شرکت کی تائید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بحرین میں ہونے والی بین الاقوامی ایوی ایشن نمائش خلیج فارس کی ایک اہم نمائش شمار ہوتی ہے اور یہ تجارتی مواقع حاصل کرنے اور شرکاء کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہو سکتی ہے۔