فلسطینی مقاومتی گروہ عرین الاسود کی غاصب صیہونی ریاست کو دھمکی
فلسطینی مقاومتی گروہ عرین الاسود نے ناجائز صیہونی ریاست کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اچانک حملوں سے صیہونی ریاست ہل کر رہ جائے گی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق فلسطینی مقاومتی گروہ عرین الاسود نے اپنے بیان میں اعلان کرتےہوئے کہاہے کہ غاصب صیہونی دشمن نے گمان کر لیا ہےکہ وہ عرین الاسود کا خاتمہ کر سکتا ہے لیکن اس نے شکست کھائی۔ دشمن ہمارے گروہ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا اور وہ ہمارےشدید ضربوں اور اچانک حملوں سے ہل کر رہ جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق عرین الاسود مقاومتی گروہ نے صیہونی حکومت سے مخاطب ہوکر کہا کہ جب تم نے رائد الکرامی کو شہید کیا تھا تو اس وقت مقاومت نے تمہارے سینکڑوں فوجیوں کو ہلاک کرکے تمہیں حیران کر دیا تھا۔ جنین، الخلیل، نابلس اور رام اللہ بھی تمہیں حیران کر دیں گے۔جو یہ فکر کرتا ہے کہ ہمارا جذبہ ٹھنڈا ہو گیاہے وہ وہم کی حالت میں ہے، ہم ایک گرجتا ہوا آتش فشاں ہیں۔
عرین الاسود نے اپنے بیانیہ میں فلسطینیوں سے مخاطب ہوکر کہا ہے کہ آپ اس لائق ہیں کہ ہم آپ کےلئے سپر اور شمشیر بنیں، مقاومت آپ کو تنہا نہں چھوڑے گی اور ہم آپ کو ذلیل نہیں ہونے دیں گے۔
عرین الاسود نیا بننے والا فلسطینی مقاومتی گروہ ہےجس نے گزشتے ہفتوں میں صیہونیوں کے خلاف متعدد آپریشن انجام دئیے ہیں۔