بحرین میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات، ٹرن آوٹ 28 فیصد سے بھی کم
بحرین میں کل ہونے والے انتخابات میں عوام نے شرکت نہیں کی اور اسی وجہ سے ٹرن آوٹ بہت ہی کم رہا۔
سحر نیوز/عالم اسلام: بحرین میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ روز ایسے میں ووٹنگ ہوئی جب اس ملک کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں اور ملک میں جاری عوامی تحریک حریت و آزادی کے قائد آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت اعلی شخصیات نے بحرین کے انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی تھی ۔
انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کے باعث اس بار ٹرن آوٹ 28 فیصد سے بھی کم رہا۔ ووٹنگ کے اختتام پر بحرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمعیت الوفاق نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں بھر پور طریقے سے شرکت نہ کر کے دکھا دیا کہ وہ آل خلیفہ حکومت کو نہیں چاہتی اور 28 فیصد سے بھی کم ٹرن آوٹ اس کی زندہ مثال ہے۔
ہفتہ کے روز بحرین میں جاری تحریک حریت و آزادی کے قائد آیت الله شیخ عیسیٰ قاسم نے پارلیمنٹ اور بلدیاتی انتخابات میں عوامی شرکت کو خیانت قرار دے دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کی پارلیمنٹ حکومت کے فائدے اور عوام کے نقصان میں ہے، کیوں کہ یہ پارلیمنٹ عوام پر ظلم و ستم اور عوام کو دیوار سے لگانے کے ہتھیار میں بدل گئی ہے۔
بارہ نومبر کو ہونے والے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے خلاف مختلف شہروں اور قصبوں میں روزانہ احتجاجی اجتماعات اور مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا اور اس ملک کی اکثریت نے اعلان کیا تھا کہ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کی آمر و جابر حکومت کے خلاف عوامی استقامت کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، عدل و انصاف کے قیام اور تاناشاہ موروثی حکومت کے بجائے جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت ہر قیمت پر خود کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی مماثل آل سعود حکومت کے فوجیوں کی مدد سے معترض عوام کو تمام تر شدت کے ساتھ کچلنے میں مصروف ہے۔