Nov ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۲:۰۷ Asia/Tehran
  • مصری فوج اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں، بعض حکومتی مراکز پر داعش کا قبضہ

مصری افواج اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جو اسماعیلیہ صوبے کے شہر القنطرہ کے بعض علاقوں پر تکفیری عناصر پر قبضے کی کوششوں کے بعد شروع ہوئیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: العربی الجدید کی رپورٹ کے مطابق مصری ذرائع نے داعش کے ساتھ جھڑپ میں سات مصری فوجیوں کے مارے جانے کی خبر دی ہے تاہم داعش کے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے ابھی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اسماعیلیہ صوبے کے شہر القنطرہ میں کیا گیا۔ مصر کے قبائلی ذرائع کے مطابق داعش نے ہفتے کی صبح ایک اچانک حملے میں قنطرہ شہر کے بعض حکومتی مراکز پر قبضہ کر لیا جس کے بعد مصری فوج اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ داعش نے ایک اسکول، میڈیسن کالج اور کچھ دوسری عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد بہت بڑی تعداد میں مصری پولیس، فوج اور مسلح قبائلی، داعش سے مقابلے کے لئے جمع ہو گئے اور لڑائی صبح تک جاری رہی اور چند گھنٹوں کےلئے شہر کا انٹرنیٹ اور دوسرے مواصلاتی روابط منقطع رہے۔

عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے پرواز کرتے دیکھے جا رہے ہیں اور مصری افواج حکومتی مراکز کو واپس لینے اور داعش کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ٹیگس