تہران کا دورہ کامیاب رہا: عراقی وزیراعظم السودانی
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اپنے دورہ تہران کو کامیاب قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کے وزیر اعظم کی حیثیت سے محمد شیاع السودانی کا پہلا ایران کا دورہ جمعرات کو مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے روضے کی زیارت کے بعد اختتام پذیر ہوا ۔ انہوں نے بغداد پہنچنے کے بعد اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ تہران کے سفر کے موقع پر انہوں نے اہم موضوعات پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے گفتگو کی اور ایران کے اعلی عہدے داروں کے ساتھ مذاکرات کئے۔
محمد شیاع السودانی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ سیکیورٹی، اقتصاد، ثقافت اور سیاحت و زیارتی سفر کے معاملات پر ایران اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی زور دیا گیا۔
یاد رہے کہ علاقے کے دوسرے ممالک کے بہ نسبت ایران اور عراق ثقافتی اور مذہبی لحاظ سے ایک دوسرے سے زیادہ قریب سمجھے جاتے ہیں ۔ پندرہ سو کلومیٹر پر مشتمل زمینی اور آبی سرحد سمیت مشترکہ نسلی، تاریخی، زبانی اور دینی اقدار نے دونوں قوموں کو ایک دوسرے سے قریب تر کردیا ہے جبکہ دونوں ممالک کی سلامتی اور مفادات کو لاحق خطروں کی جڑوں کو بھی یکساں قرار دیا جاتا ہے۔