فلسطین؛ ملکی ساختہ میزائلوں اور ڈرون طیاروں کی نمائش (ویڈیو)
غزہ میں حماس کے عسکری شعبے نے ملکی طور پر تیارکردہ میزائلوں اور ڈرون طیاروں کی نمائش کی۔ یہ نمائش حماس کی تاسیس کی 35ویں سالگرہ کی مناسبت سے لگائی گئی تھی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: شمالی غزہ میں حماس کے عسکری شعبے نے ایک نمائش کا انعقاد کیا جس میں ملکی طور پر تیار کردہ میزائل اور ڈرون طیارے نمائش کے لئے رکھے گئے تھے۔
اس نمائش کا افتتاح حماس کے قائدین اور شہید عزالدین القسام اور عوام کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس نمائش میں حماس نے اپنے دفاعی شعبے میں حاصل شدہ پیشرفت و ترقی کے مختلف مراحل کو دکھایا جن میں راکٹ، ڈرون اور بم وغیرہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ اس نمائش میں مختلف فاصلوں تک مار کر سکنے والے ڈرون شہاب اور ابابیل بھی شامل تھے۔
قسام بریگیڈ نے غاصب صیہونی حکومت سے جنگ کے دوران ان ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا۔ حماس کے ایک رہنما محمد ابوعکسر نے اس نمائش میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کا مقصد جوان نسل کو شہید عزالدین القسام بریگیڈ کی جنگی مصنوعات سے
متعارف کرانا ہے جو سال 2000ء میں انتفاضۂ اقصیٰ سے تیار ہونا شروع ہوئی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو کچھ اس نمائش میں آپ دیکھ رہے ہیں یہ شہیدوں کے خون اور مجاہدوں کی سخت محنت سے تیار کیا گیا ہے اور یہ سارا سازوسامان صیہونی ریاست سے ہونے والی آئندہ جنگ میں مقابلے کی تیاری کی غرض سے ہے۔