Dec ۲۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان تجارتی حجم بڑھانے پر آمادہ، سفیر ایران اور پاکسانی وزیر کی ملاقات

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات اور مشترکہ تجاری و اقتصادی موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔

سحر نیوز عالم اسلام: پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی  کے مابین فنانس ڈویژن میں ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم مطلوبہ سطح پر نہیں ہے، اسلام آباد تہران کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اس راہ میں موجود رکاوٹوں کو دور کر کے تجارتی حجم میں اضافے کے لئے ہر ممکن اقدام کے لئے آمادہ ہے۔

اس ملاقات میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے بھی ایران کے ساتھ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ہمسایگی، ثقافتی اشتراکات اور مضبوط سیاسی تعلقات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تہران و اسلام آباد کے مابین اونچی سطح کا تجارتی و اقتصادی تعاون وجود میں آئے۔

سفیر ایران نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انرجی و تجارت سمیت سبھی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے کاصی گنجائشیں پائی جاتی ہیں۔

اس ملاقات میں ایران و پاکستان کے سرحدی علاقوں میں سرحدی منڈیوں کے قیام، بارٹر ٹرید آزاد تجارت اور باہمی سرمایہ کاری کے معاہدوں جیسے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

 

ٹیگس