Dec ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • عراق میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی برسی کی تیاریاں

عراق میں بغداد سمیت مختلف صوبوں میں محاذ استقامت کے شجاع و مجاہد کمانڈروں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تیسری برسی کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت مختلف صوبوں میں ان دنوں ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابو مہدی المہندس کی تیسری برسی کے پروگراموں کی  تیاری بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق مشرقی بغداد کے الکرادہ علاقے کے لوگوں نے بدھ کی رات ایسی حالت میں مارچ کیا کہ ان کے ہاتھوں میں محاذ استقامت کے شجاع و مجاہد کمانڈروں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کی تصاویر اور الحشدالشعبی کا پرچم موجود تھا ۔ اس علاقے کے کچھ لوگوں نے محاذ استقامت کے شہید کمانڈروں کی برسی کی آمد کی مناسبت سے عزا کی علامت کے طور پر اپنے ہاتھوں میں شمعیں بھی لے رکھی تھیں۔

دریں اثناء عصائب اہل الحق کے سیکریٹری جنرل قیس الخز علی نے ایک بیان میں ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید  جنرل قاسم سلیمانی اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل  ابو مہدی المہندس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کو نجات دلانے اور ملک کو سنوارنے اور اس ملک کے اقتدار اعلی کے تحفظ میں محاذ استقامت کے مجاہد کمانڈروں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ٹیگس