ایرانی یونیورسٹیاں افغان طالبات کو داخلہ دیں گی
ایران کے نائب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی وحید حدادی اصل نے کہا ہے کہ ایرانی یونیورسٹیاں افغان طالبات کو داخلہ دینے کے لیے آمادہ ہیں۔
سحر نیوز/ایران: وحید حدادی اصل کا کہنا تھا کہ ایران بھر کی یونیورسٹیاں افغان طالبات کو آن لائن تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مختلف یونیورسٹیاں محدود پیمانے پر افغان طالبات کو داخلہ بھی فراہم کریں گی۔
ایران کی پیام نور یونیورسٹی کے چانسلر ابراہم تقی زادہ نے بتایا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال کے دوران ہم پانچ ہزار افغان طلبہ و طالبات کو داخلہ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
آزاد اسلامی یونیورسٹی کے شعبۂ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر جلال درخشہ نے بھی افغان طالبات کو داخلہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
طالبان کی جانب سے لڑکیوں کی اعلی تعلیم پر پابندی کے بعد تہران کی الزہرا، بجنورد کی الکوثر اور قم کی حضرت معصومہ یونیورسٹی نے بھی افغان طالبات کو داخلہ دینے کا اعلان کیا تھا۔