Jan ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • کابل میں خودکش دھماکہ 25 افراد جاں بحق و زخمی

افغان دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کے قریب خودکش دھماکے میں 25 افراد جاں بحق و زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے افغان وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں چینی وفد طالبان حکام سے ملاقات کے لیے پہنچا تھا۔

دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی طالبان اہلکاروں نے عمارت کا محاصرہ کرلیا۔ امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طو پر تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے جب کہ کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے دھماکوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں گزشتہ روز بھی ایک بم دھماکا ہوا تھا جس میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

ٹیگس