Jan ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • عراق کو غیرملکی افواج کی ضرورت نہیں: وزیر اعظم السوڈانی

عراقی وزیراعظم نے دورۂ جرمنی کے دوران جرمن چانسلر کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عراق کو بین الاقوامی اتحادی افواج کی اب ضرورت نہیں، عراقی افواج آج دہشت گردی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: عراقی نیوز ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے جرمن چانسلر اولاف شولتس کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی عراق میں دہشت گردی کے خاتمے، جمہوریت اور تعمیر و ترقی کا حامی رہا ہے اور ان کی جرمن چانسلر سے ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کا آغاز ثابت ہوگی۔

عراقی وزیر اعظم السوڈانی نے کہا کہ عراق کا جرمن کمپنی زیمنس کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت کامیاب رہا ہے اور عراق کی خواہش ہے کہ وہ دوسری جرمن کمپنیوں کے ساتھ بھی کام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی عراق کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے بہت سنجیدہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کے لئے خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

السوڈانی نے فوجی تعاون پر جرمنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج عراقی افواج دہشت گردی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اب انہیں بین الاقوامی اتحادی افواج کی عراق میں کوئی ضرورت نہیں ہے اور جو افواج عراق میں موجود ہیں، وہ عراقی افواج کو تربیت فراہم کرنے کی غرض سے موجود ہیں۔

جرمن چانسلر نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ایک معینہ روڈ میپ کے تحت عراقی وزیر اعظم کے ساتھ اتفاق رائے پر پہنچے ہیں اور جرمنی عراق کے اقتصادی ذرائع کے تنوع میں مدد کرنے کا خواہاں ہے۔

جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ عراق کو جغرافیائی تبدیلیوں سے شدید نقصان پہنچا ہے اور اب اسے جدید انرجی کے ذرائع پر اپنے انحصار کو بڑھانا چاہیے۔ شولتس نے امید ظاہر کی کہ عراق ایندھن کی فراہمی میں جرمن کا ایک اہم شریک بن جائے گا اور جرمنی عراق کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں عراق کے ساتھ تعاون کرے گا۔

ٹیگس