انسانی مسائل کو سیاست سے جوڑا نہ جائے: طالبان
طالبان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خصوصی نشست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ افغانستان کو دی جانے والی انسان دوستانہ امداد کو سیاسی معاملات سے نہیں جوڑنا چاہئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو افغانستان کی موجودہ صورتحال اور عوام کے حالات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ انسان دوستانہ مسائل کو سیاسی معاملات سے نہ جوڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان عالمی برادری سے ان شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے جن میں ان کے بقول دینی اصول اور افغانستان کے قومی اقدار کا خیال رکھا گیا ہو۔
ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا کہ طالبان افغان عوام کے مذہبی مسائل کے ذمہ دار ہیں لہذا بقول ان کے، غیرشرعی مسائل کی اجازت نہیں دے سکتے ۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تازہ نشست میں طالبان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تعلیم اور روزگار سمیت مختلف شعبوں میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔