Jan ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • سکیورٹی کونسل صیہونی حکومت کے حملوں پر اپنی خاموشی توڑے: دمشق

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ اس ادارے کی سلامتی کونسل کو غاصب صیہونی ریاست کے حملوں پر اپنی خاموشی کو توڑنا چاہیے اور اُسے چاہئے کہ وہ عرب ممالک پر اس غاصب حکومت کے قبضے کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں صیہونی حکومت کے دمشق میں ہوائی حملوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نئے سال کے انتظار میں تھی اور جس وقت دنیا بحرانوں کی شدت میں کمی، صلح، رفاہ اور استحکام کی خواہش مند تھی اس وقت غاصب صیہونی ریاست نے بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ظلم و جارحیت کا ایک اور کارنامہ اپنے نام کیا ہے۔

شام کے مندوب نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی ریاست نے نئے عیسوی سال کے دوسرے دن میزائل حملوں سے بین الاقوامی دمشق ائیرپورٹ کو نشانہ بنا کر اپنی نئی جارحیت کا آغاز کیا جس سے کئی افراد شہید و زخمی ہو گئے، مالی نقصان ہوا جبکہ ائیرپورٹ کی بعض خدمات تعطل کا شکار ہو گئیں، غاصب صیہونی ریاست کے انتہا پسند وزیر ایتمار بن گویر مسجد اقصیٰ میں در آئے اور اسلامی مقدسات کی بے حرمتی کرتے ہوئے فلسطینیوں اور ساری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔

بسام صباغ نے کہا کہ اس حوالے سے شام نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو اپنی بنیادی تنصیبات پر صیہونی حکومت کے حملوں کے بارے میں خط بھی لکھا ہے جس میں دمشق ائیرپورٹ، حلب اور لاذقیہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حملوں سے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو آگاہ کیا گیا تھا۔

شامی مندوب نے اقوام متحدہ میں یہ بات زور دے کر کہی کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے غاصب صیہونی ریاست جولان میں اپنی توسیع پسندانہ سیاست کو جاری رکھی ہوئی ہے اور وہاں پر اس نے بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے بدترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور مقامی باشندوں کو بے گھر کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں شام کے مندوب نے کہا کہ صیہونی ریاست جولان میں صیہونی آبادکاروں کی نئی بستیاں آباد کر کے وہاں کی آبادی کا تناسب بگاڑ رہی ہے، وہاں زمینوں پر قبضہ اور بستیاں بنا کر اپنے منصوبہ بند جارحانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جس سے وہاں کے مقامی لوگوں کی زندگیاں ناقابل بیان حد تک متأثر ہورہی ہیں۔

ٹیگس