ایران؛ انٹیلی جینس نے داعشی دہشتگردوں کا بھانڈا پھوڑا
ایران کی انٹیلی جینس نے تکفیری و صیہونی ٹولے داعش سے وابستہ دو دہشتگرد ٹیموں کا پتہ لگا کر انکے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
سحر نیوز/ایران: تسنیم نیوز کے مطابق ایران کی انٹیلی جینس اور سپاہ پاسداران کے قدس ہیڈ کوارٹر نے مشترکہ طور پر ایک آپریشن کرتے ہوئے عبری، مغربی اور عربی نیٹ ورک سے وابستہ دہشتگردوں کو دھر دبوچا اور انہیں عدلیہ کے حوالے کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق ان دہشتگردوں کا مقصد ملک میں بد امنی پھیلانا تھا جبکہ صوبے سیستان و بلوچستان کے علاقے میں موجود غیر ملکیوں اور تاجروں کا اغوا بھی انکے ایجنڈے میں شامل تھا۔
پکڑے گئے دہشتگردوں کے درمیان افغان اور تاجیک شہری بھی شامل ہیں اور ان کے اعترافات سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں بد امنی کا ماحول پیدا کرنے کے لئے دشمن قوتوں نے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینوں کے دوران ایران دشمن طاقتوں نے ملک کے مختلف علاقوں منجملہ صوبے سیستان و بلوچستان میں بد امنی کو ہوا دینے کی بھرپور کوشش کی جس کے تحت انہوں نے اپنے آلۂ کاروں کے ہاتھوں گزشتہ برس تیس ستمبر کو ایک پولیس چوکی پر حملے کا منصوبہ بنایا اور اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
اس موقع پر ہونے والی جھڑپوں میں متعدد عام شہریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد کچھ اور مسلح عناصر نے علاقے کی مشتعل فضا کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عام شہریوں اور عمومی املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی مہم شروع کی جس کے تحت متعدد عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ تاہم آخرکار ایرانی عوام کی ہوشیاری اور انٹیلیجنس کی شب و روز کی جد جہد کے بعد دشمن کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہو گیا۔