افغانستان میں سردی کی شدید لہر، متعدد افراد جاں بحق
افغانستان میں شدید برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں اب تک 157 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: افغانستان میں درجہ حرارت منفی ہونے کے بعد شدید برف باری کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 157 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک دہائی بعد ہونے والی شدید سردی کے دوران برف باری سے 70 ہزار کے قریب مویشیاں بھی ہلاک ہوگئی ہیں۔
افغانستان کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قائم مقام وزیر ملا محمد عباس اخوند نے کہا کہ برف باری کی وجہ سے افغانستان کے متعدد علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جہاں لوگوں کو نکالنے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر بھیجے گئے ہیں مگر کئی پہاڑی علاقوں میں ہیلی کاپٹر نیچے نہیں اتر سکتے۔
قائم مقام وزیر نے کہا کہ اگلے 10 دن تک درجہ حرارت منفی رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم انہوں نے شہریوں اور ان کے مویشیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ زیادہ تر جاں بحق ہونے والوں میں چرواہے اور دیہی علاقوں میں رہنے والے شامل ہیں جن کو طبی سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کے بارے میں تشویش ہے جو اب بھی پہاڑی علاقوں میں رہ رہے ہیں، پہاڑوں سے گزرنے والی زیادہ تر سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں، کاریں وہاں پھنس گئی ہیں اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں۔