عراق کی اسپائیکر چھاؤنی کے قتل عام میں ملوث 14 دہشتگردوں کو پھانسی کی سزا
Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
عراق کی فوجی چھاؤنی اسپائیکر میں ایک ہزار سات سو (1700) فوجی کیڈٹس کے ہولناک قتل عام میں ملوث 14 دہشتگردوں کو عراق کی عدالت نے پھانسی کی سزا سنا دی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق ان دہشتگردوں کو انسداد دہشتگردی کے قانوں کی شق 4 کے تحت جو 2005 میں منظور ہوئی تھی، موت کی سزا سنائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اسپائیکر نامی فوجی چھاؤنی عراق کے صوبے صلاح الدین کے شہر تکریت میں واقع ہے جہاں بدنام زمانہ دہشتگرد گروہ داعش کے دہشت گردوں نے 12 جون 2014ء کو حملہ کر کے ایک ہزار سات سو (1700) فوجی کیڈٹس کا بہیمانہ قتل عام کرنے کے بعد انہیں اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا تھا۔
اس فوجی چھاؤنی میں رونما ہونے والا یہ دلخراش قتل عام عراق میں داعش کے ہولناک مظالم کی علامت بن گیا جو عراقی عوام کے اذہان سے شاید کبھی محو نہیں ہو پائے گا۔