Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • تلواریں نیام سے نکل چکی ہیں: تل ابیب کو فلسطینیوں کا انتباہ

جہاد اسلامی فلسطین اور حماس نے صیہونیوں کو خبردار کیا ہے کہ تحریک مزاحمت تل ابیب کے جرائم کا جواب دینے اور صیہونیوں سے ہمہ گیر جنگ کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مزاحمتی تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے غرب اردن پر غاصب افواج کی جارحایت کے پیش نظر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں صیہونی دشمنوں کو جوابی کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تحریک مزاحمت تمام محاذوں پر جنگ کرنے کے لئے مکمل تیاری رکھتی ہے۔
حماس کے ترجمان نے بھی صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کو فلسطینی قوم کا حق قرار دیا ہے۔ 
دوسری جانب صیہونی جیٹ فائٹروں نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب غزہ پٹی  پر بمباری کی۔
صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوبی مضافات میں واقع ایک مرکز پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا اور غزہ کے شمالی حصے میں واقع بیت حانون پر بھی بمباری کی۔
عینی شاہدوں کے مطابق، صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے مختلف علاقوں پر  پندرہ بار بمباری کی ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی ہے۔
فلسطینی مجاہدین نے بھی ڈٹ کر ان فضائی حملوں کا جواب دیا۔ رپورٹ کے مطابق حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے صیہونی فوج کے جیٹ فائٹروں کا مقابلہ زمین سے فضا میں  مار کرنے والے میزائلوں سے کیا جس کے نتیجے میں صیہونی فضائیہ کے جنگی طیارے علاقے سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ 
اس سے قبل فلسطینی مجاہدین نے جنین پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملے کے جواب میں صیہونی بستیوں پر راکٹ برسائے جس کے خوف سے عسقلان صیہونی بستی کے رہنے والوں میں بھگدڑ مچ گئی اور یہ انتہاپسند صیہونی محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
یہ حملہ جنین پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملے کے جواب میں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز صیہونی فوجیوں  نے   جنین میں فلسطینیوں کے کیمپ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں دس فلسطینی شہید اور انیس دیگر زخمی ہوگئے۔
صیہونیوں کے اس بھیانک جرم کے خلاف غزہ اور غرب اردن سمیت مقبوضہ علاقوں کے تمام شہروں اور قصبوں کے فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور صیہونیوں سے انتقام لینے کا اعلان کیا۔ 
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی سیاسی اور فوجی عہدے داروں نے بھی تل ابیب کو حالات کے دھماکہ خیز ہونے کی جانب سے انتباہ دیا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق السلمی نے جمعے کے روز کہا ہے کہ استقامتی محاذ نے صیہونی کالونیوں پر راکٹ برسا کر اپنی طاقت اور غرب اردن کے جوانوں کے ساتھ غزہ کے فلسطینیوں کی یکجہتی کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات داغے جانے والے راکٹ، غاصب دشمنوں کو دیئے جانے والے جواب کی محض ایک جھلک تھی۔ طارق السلمی نے کہا کہ صیہونی دشمن جان لیں کہ فلسطینی عوام کے خون کی قیمت چکانی پڑے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ تل ابیب کو خبردار کیا جاتا ہے کہ جنین اور بیت المقدس کی تلواریں نیام سے نکل چکی ہیں اور فلسطین کے دفاع کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔
ادھر حماس کے ترجمان حازم قاسم نے غزہ پٹی پر صیہونیوں کی گذشتہ رات کی بمباری کو تل ابیب کی خونخوار سرشت کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کے یہ حملے، غرب اردن اور بیت المقدس پر حملوں کا تسلسل ہیں جس کا جواب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پوری طاقت سے دیا جائے گا۔ 

ٹیگس