Jan ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد کو یمن کا انتباہ

جارح سعودی اتحاد نے یمن میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ الحدیدہ سمیت مختلف علاقوں میں متعدد حملے کیے ہیں ۔ دوسری جانب یمن کے مشیر دفاع نے نہ جنگ نہ امن کی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ نیٹ ورک کے مطابق جارح سعودی اتحاد نے مغربی صوبے الحدیدہ میں ایک سو پندرہ مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ 
قبل ازیں یمنی مشیر دفاع جلال الرویشان نے کہا تھا کہ نہ امن اور نہ ہی جنگ کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے۔ 
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی کئی بار خبردار کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے مسلسل حملوں کی وجہ سے جنگ بندی تقریبا ختم ہوکے رہ گئی ہے۔
صنعاء اور ریاض کے وفود کے درمیان سویڈن میں طے پانے والے معاہدے کے تحت مغربی صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا اور اٹھارہ دسمبر دوہزار اٹھارہ میں اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا تھا لیکن چند ہی گھنٹے بعد جارح سعودی اتحاد نے جنگ بندی کی خلاف ورزی شروع کردی تھی۔
اس دوران یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اطلاعات ضیف اللہ شامی نے کہا کہ امریکہ نے یمن میں امن عمل میں رکاوٹیں ڈال کر دنیا کے سب سے بڑے انسانی المیے کو جنم دیا ہے۔ 
ضعیف اللہ الشامی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ یمن میں امن کے لیے کیسے کام کرسکتا ہے کہ حالانکہ وہ سعودی اتحاد کی براہ راست حمایت کر رہا ہے جس نے مظلوم یمنی قوم کا محاصرہ کرکے دنیا کے عظیم انسانی المیے کو جنم دیا ہے۔ 
ضیف اللہ الشامی نے مزید کہا کہ ہم نے امن کے حصول کے لیے ستمبر دوہزار سترہ، ستمبر دوہزار انیس ، اپریل دوہزار بیس اور پھر ستمبر دوہزار بیس میں بہت سی عملی تجاویز پیش کیں مگر سعودی اتحاد نے ایک کا بھی مثبت جواب نہیں دیا۔
سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ممالک کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ میں یمن پر فوجی جارحیت کا آغاز اس ملک کی زمینی، سمندری اور فضائی ناکہ بندی شروع کی تھی اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ 
یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں اب تک کئی ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سات سال سے زائد عرصے سے جاری اس جنگ میں ہزاروں لوگوں کو موت کی نیند سلانے اور اس ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے باوجود جارح سعودی اتحاد اپنا ایک بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا ہے۔

ٹیگس