Feb ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

مولود کعبہ امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر نجف اشرف میں زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: عراق سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق عراق کے شہر نجف اشرف میں لاکھوں زائرین کے پیش نظر خاص سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے اور ہر قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کو مستعد کر دیا گیا ہے، جگہ جگہ چیک پوسٹیں لگائی گئی ہیں، جہاں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رضا کار بھی بڑی تعداد میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ لوگوں کو مٹھائی اور دیگر تبرکات تقسیم کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ جابجا موکب بھی زائرین کی پذیرائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

عراق کے دیگر مقدس شہروں کربلائے معلیٰ، کاظمین شریفین اور سامرہ میں بھی عظیم الشان جشن اور محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی زائرین مولود کعبہ، حضرت علی بن ابیطاب علیہ السلام کا جشن ولادت منا رہے ہیں اور ذاکرین و شعرائے کرام بارگاہ علوی میں اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

جشن مولود کعبہ کے مرکزی اجتماعات ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں منجملہ مشہد المقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضۂ پاک، قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے مرقد مطہر اور شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ شاہ چراغ علیہ السلام کے روضۂ اقدس میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) کی بارگاہ عصمت میں نذرانۂ عقیدت پیش کر رہے ہیں ۔

ٹیگس