Feb ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • جنین میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپ

دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں واقع شہر جنین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی مجاہدین کی جانب سے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کئے جانے کے بعد غاصب صیہونی حکومت نے مزید فوجیوں کو جنین روانہ کر دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جنین کے مغرب میں واقع برقین پر بھی حملہ کیا جہاں فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔
صیہونی فوجیوں نے ہفتے کو بھی تحریک مزاحمت کے مجاہدوں کو گرفتار کرنے کے بہانے شہر اریحا میں عقبہ جبر کیمپ پر حملہ کیا تھا جہاں فلسطینی مجاہدین نے شدید مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اریحا کے ہسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ میں تیرہ فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں جن میں دو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ جبکہ چھے فلسطینیوں کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب غزہ کے آس پاس صیہونی بستیوں میں شدید دھماکے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ یہ آوازیں غزہ کے قریب واقع صیہونی علاقوں سدیروت اور نتیفوت سے سنی گئیں۔ 
صیہونی حکومت کے ریڈیو کان نے کہا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں آئرن ڈوم سسٹم کے فعال ہونے اور غزہ سے اڑنے والے ڈرون طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں پیدا ہوئیں۔
صیہونی فوج نے گذشتہ ہفتے بدھ کو بھی غزہ کے قریب واقع غیر قانونی صیہونی بستی پر داغے جانے والے راکٹ کو نشانہ بنائے جانے کی خبر دی تھی۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بھی جمعرات کو غزہ سے ہونے والے راکٹ حملے کے بعد تحریک مزاحمت کے ایک مرکز کو پانچ میزائلوں سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ 
اس سے قبل صرف غزہ کے علاقے میں صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کا مقابلہ کیا جا رہا تھا مگر اب مقابلے کا دائرہ غرب اردن کے مختلف علاقوں تک پھیل گیا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے، صیہونی فوج اور مسلح صیہونی نتہا پسندوں کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور فلسطینی خواتین اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں، اپنی جوابی اور انتقامی کارروائیاں تیز کر دی ہیں جس کے نتیجے میں غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں طاقت کا توازن اب فلسطینی مجاہدین کے حق میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔ 

ٹیگس